کرک، انڈس ہائی وے پر لکی غنڈکی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں کنٹینر نے ڈی آئی خان سے پشاور جانے والی ہائی ایس کوچ کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت دس افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد دو جاں بحق افراد کنٹینر کے نیچے دب گئے تھے جنہیں ہیوی مشینری کی مدد سے نکالا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ المناک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کرک منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں سے بیشتر کا تعلق میران شاہ سے بتایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کرک میں پیش آنے والے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
وزیر اعلی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔