معروف ارب پتی جیف بیزوس کی خلائی سیاحت کی کمپنی بلو اوریجن کے زیر انتظام راکٹ کا خلائی سفر مکمل ہو گیا۔
اس پرواز کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری اور لورین سانچیز بھی سوار تھیں۔ لورین امازون کے بانی جیف بیزوس کی منگیتر ہیں۔ راکٹ میں سوار 6 خواتین خلا کی سرحد تک گئیں اور پھر بحفاظت واپس زمین پر لوٹ آئیں۔
یہ مشن نیو شیپرڈ نامی ایک قابلِ بازیافت خلائی گاڑی کے ذریعے انجام دیا گیا۔ اسے جیف بیزوس کی خلائی کمپنی بلو اوریجن چلاتی ہے۔ راکٹ کو آج پیر کے روز ویسٹ ٹیکساس سے مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے روانہ کیا گیا۔
راکٹ کے مکمل شہری عملے میں امریکی مارننگ شو کی میزبان جائل کنگ، خلائی انجینئر عائشہ بوئی، سماجی کارکن اور سائنس دان آمانڈا نگوین، اور کاروباری شخصیت کیریانی فلین بھی شامل تھیں۔
بلو اوریجن کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مشن ایک تاریخی موقع ہے۔ اس لیے کہ 1963 میں روسی خلا نورد والینتینا تیراشکوفا کی تنہا پرواز کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ایک خلائی جہاز میں صرف خواتین خلا میں گئیں۔
یہ ذیلی مداری پرواز 10 منٹ سے کچھ زیادہ وقت پر مشتمل تھی جس کے دوران میں راکٹ 100 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچا۔ یہ پرواز مسافروں کو کارمان لائن سے اوپر لے گئی۔ یہ وہ غیر مرئی سرحد ہے جو زمین کے ماحول اور خلا کے درمیان حد فاصل سمجھی جاتی ہے۔
بلو اوریجن کا عملہ کچھ لمحوں کے لیے اپنی سیٹ بیلٹ کھول کر بے وزنی کی حالت میں معلق رہا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ نیو شیپرڈ نامی خلائی گاڑی مکمل طور پر خود کار ہے، اس میں کوئی پائلٹ موجود نہیں ہوتا۔
بلو اوریجن 2021 سے اب تک خلائی سیاحت کی مختصر پروازیں فراہم کر رہی ہے۔ اس نے 10 کامیاب مشن مکمل کیے ہیں، جن میں اب تک 52 افراد کو خلا کی سرحد تک لے جایا جا چکا ہے۔
دل چسپ بات یہ ہے کہ کمپنی کے پہلے انسانی مشن پر جیف بیزوس خود بھی سوار تھے۔ اس کمپنی کو خاص توجہ اس وقت ملی جب اس نے مشہور شخصیات کو خلا میں بھیجنا شروع کیا۔ جیسا کہ 2021 میں مشہور “اسٹار ٹریک” اداکار ولیم شاتنر کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔