بالی وڈ کی لیجنڈ اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے حال ہی میں اپنے پوتے ابراہیم علی خان اور پوتی سارہ علی خان کے بالی وڈ سفر کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اگرچہ اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے دونوں پر فخر کا اظہار کیا لیکن انہوں نے سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم کی پہلی فلم ‘نادانیاں‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے لگی لپٹی رکھے بغیر دوٹوک انداز میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق شرمیلا ٹیگور نے ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘سارہ اور ابراہیم بہت اچھا کام کر رہے ہیں لیکن ابراہیم کی فلم نادانیاں میں اداکاری اچھی نہیں تھی مگر وہ اسکرین پر بہت خوبصورت نظر آرہے تھے‘۔
سینیئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘ابراہیم نے فلم میں اچھا کام کرنے کی اپنی پوری کوشش کی ہے اور یہ باتیں واقعی سب کے سامنے نہیں کہنی چاہییں لیکن سچ کہوں تو فلم اچھی نہیں ہے جس کا اچھا ہونا اہم ہے‘۔
دریں اثنا شرمیلا ٹیگور نے اداکارہ سارہ علی خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ‘اچھی اداکارہ’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سارہ بہت محنت کرتی ہے اور بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وہ یہ سب حاصل بھی کرلے گی‘۔
واضح رہے کہ ابراہیم علی خان کی ساتھی اداکارہ خوشی کپور کے ساتھ پہلی فلم نادانیاں نے ان کی اسٹار کڈز کی حیثیت کی وجہ سے شائقین کی توجہ حاصل کی۔
لیکن یہ فلم ناقدین اور ناظرین کو یکساں طور پر متاثر کرنے میں ناکام رہی دونوں نوجوان اداکاروں کو اپنی اداکاری کے لیے ملے جلے اور منفی جائزے ملے۔
تاہم سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید ٹرولنگ کے بعد کرن جوہر، ہنسل مہتا، جوگل ہنسراج، دیا مرزا سمیت کئی مشہور شخصیات نےابراہیم اور ساری کی حمایت کرتے ہوئے ناظرین کو یاد دلایا کہ اداکاروں کو ان کی پہلی فلموں کی بنیاد پر جانچنا غیر منصفانہ ہوسکتا ہے.
اشونا گوتم کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘نادانیاں‘ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جو پہلے پیار کے جادو، جنون اور معصومیت کی کہانی کے گرد گھومتی ہے۔
فلم میں پیا جے سنگھ (خوشی) اور ارجن مہتا (ابراہیم) کے درمیان پیچیدہ رومانس کی ایک جھلک پیش کی گئی ہے۔
فلم کی بات کی جائے تو نادانیاں کی کہانی دو مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کی پیروی کرتی ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی زندگی پرفیکٹ ہے یہاں تک کہ دونوں کے جذبات حالات کو ٹیک اوور کرلیتے ہیں۔
فلم میں دیا مرزا اور جگل ہنسراج نے ارجن کے والدین کے طور پر اور سنیل شیٹی اور ماہیما چودھری نے پیا کے والدین کا کردار ادا کیا ہے۔