سابق ویمن کرکٹر ثنا میر کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ فرحان اپنی کارکردگی کے ذریعے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اگر انہیں اوپنر کے طور پر موقع دیا جائے تو وہ بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
ایک نجی اسپورٹس چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ثنا میر نے پشاور زلمی کے خلاف فرحان کی جارحانہ سنچری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض اننگز ایسی ہوتی ہیں جو کھلاڑی کے کیریئر میں اہم موڑ ثابت ہوتی ہیں، ایسی ہی اننگز سے کھلاڑی کا خود پر اعتماد بحال ہوتا ہے۔ امید ہے کہ صاحبزادہ فرحان کے لیے یہ اننگز ویسا ہی لمحہ ثابت ہو۔
انہوں نے کہا کہ فرحان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس دی ہے، لیکن بعض اوقات کھلاڑی بڑے پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مکمل اظہار نہیں کر پاتے۔ جب انہیں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تو وہ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔
اس وقت انہیں مناسب بیٹنگ آرڈر نہیں دیا گیا، لیکن اب جو اننگز انہوں نے کھیلی ہے، وہ صاف طور پر ظاہر کر رہی ہے کہ اگر انہیں اوپننگ کا موقع دیا جائے تو وہ اس پوزیشن پر بہترین کھیل پیش کر سکتے ہیں۔
جب کوئی کھلاڑی اتنے بڑے اسٹیج پر پرفارم کرتا ہے تو اس کا اعتماد کئی گنا بڑھ جاتا ہے، اور جب یہ پرفارمنس عالمی معیار کے پلیٹ فارم پر ہو تو اس کا اثر بھی الگ ہوتا ہے۔