شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں واقع کباڑ کے ایک بڑے گودام میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے لمحوں میں تباہی مچا دی۔ آگ اس قدر خوفناک تھی کہ شعلے اور دھوئیں کے بادل دور دور سے دیکھے جا سکتے تھے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ مقام پر استعمال شدہ کپڑوں، پلاسٹک اور دیگر اشیاء کے کئی بڑے گودام قائم ہیں۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کم از کم 15 گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے علاقہ مکمل طور پر دھوئیں سے بھر گیا اور شہریوں کے لیے سانس لینا دشوار ہو گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کو آگ بجھانے کے دوران پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ پر پہنچے لیکن کچھ ہی دیر بعد ان میں موجود پانی ختم ہو گیا۔ فائر فائٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھیں۔
ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے عملے نے مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے، جن کی مدد سے مسلسل تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کولنگ کا عمل جاری ہے، جس میں مزید ایک سے دو گھنٹے لگ سکتے ہیں تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا امکان ختم کیا جا سکے۔
جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔