اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی معروف موبائل ایپ “پاک آئی ڈی” کا نیا ورژن متعارف کروا دیا ہے، جس میں متعدد نئی خصوصیات اور سہولیات شامل کی گئی ہیں تاکہ صارفین کو مزید آسانی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ ایپ شہریوں کے قیمتی وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی شناخت، رجسٹریشن اور دیگر ضروری خدمات گھر بیٹھے حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ نادرا نے نئی اپڈیٹس کے ذریعے نہ صرف ایپ کی کارکردگی بہتر بنائی ہے بلکہ اسے پہلے سے کہیں زیادہ مؤثر اور باسہولت بنا دیا ہے۔
تازہ ترین اپڈیٹس کے تحت اب صارفین اپنے قریبی نادرا سینٹر میں اپائنٹمنٹ بک کر سکتے ہیں، ٹریکنگ آئی ڈی معلوم کر سکتے ہیں، اور چہرے کی شناخت کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق بھی کرا سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ خاندان کے افراد کی تفصیل دیکھنے کے لیے اب بائیو میٹرک تصدیق کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
ایپ میں شامل نئی خصوصیات درج ذیل ہیں:
شناختی کارڈ کی ٹریکنگ چیک کرنے کی سہولت
چہرے کی شناخت کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق
خاندان کے افراد کی تفصیلات دیکھنے کے لیے تصدیق کی شرط ختم
نادرا سینٹر میں اپائنٹمنٹ بکنگ کی سہولت
پہلے سے بہتر یوزر انٹرفیس
ایپ کا استعمال مزید آسان اور تیز رفتار
نادرا حکام نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے موبائل میں پاک آئی ڈی ایپ کو اپ ڈیٹ کریں تاکہ جدید ورژن کے تمام فوائد حاصل کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ ہر لمحہ اس کوشش میں مصروف ہے کہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔