پاکستان میں گدھوں کی مردم شماری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پنجاب اس فہرست میں سب سے آگے نکل آیا ہے، جب کہ بلوچستان میں سب سے کم گدھے پائے جاتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تازہ زراعت شماری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں گدھوں کی تعداد 24 لاکھ 3 ہزار ہے، جو باقی تمام صوبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ سندھ 10 لاکھ 81 ہزار گدھوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ خیبرپختونخوا 7 لاکھ 82 ہزار کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
بلوچستان میں گدھوں کی تعداد 6 لاکھ 30 ہزار ریکارڈ کی گئی، جو دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صرف 4 ہزار گدھوں کی موجودگی رپورٹ ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں بلوچستان کے مقابلے میں 17 لاکھ 73 ہزار، خیبرپختونخوا کے مقابلے میں 16 لاکھ 21 ہزار اور سندھ کے مقابلے میں 13 لاکھ 22 ہزار گدھے زیادہ ہیں۔
زراعت شماری رپورٹ 2024 میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں گدھوں کی مجموعی تعداد 49 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہے۔