انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے بعد کھلاڑیوں کی تازہ ترین ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بلے بازوں اور بولرز کی فہرست میں دلچسپ تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھارتی اوپنر شبمن گل اپنی شاندار کارکردگی کے باعث بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جبکہ پاکستان کے اسٹار بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم بھی اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے فائنل میچ میں شاندار اننگز کھیل کر دو درجے ترقی پاتے ہوئے تیسرے نمبر پر جگہ بنالی۔
بولنگ رینکنگ میں سری لنکا کے اسپنر مہیش تھیکشانہ پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان اور اسپن آل راؤنڈر مچل سینٹنر چھ درجے ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی اسپنر کلدیپ یادو بھی تین درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔