خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والی شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 65 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ متعدد زخمی اور کئی لاپتہ ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق موسلادھار بارش اور اس سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث 25 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ بٹگرام میں سیلابی ریلے میں 18 اور باجوڑ میں 7 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بونیر میں کلاؤڈ برسٹ اور شدید سیلابی ریلے کے نتیجے میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا، جہاں 55 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 3 افراد زخمی ہوئے۔ بٹگرام میں آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی پانی میں بہہ جانے سے 10 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ کئی دیگر کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دیر میں بارشوں کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ مانسہرہ میں سیلابی ریلے کی زد میں آکر 2 افراد جاں بحق ہوئے اور کئی گاڑیاں پانی کے بہاؤ میں بہہ گئیں۔
ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق اب تک بونیر میں سیلابی ریلے سے 55 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔ پیر بابا اسپتال کو 40 اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بونیر کو 7 لاشیں موصول ہو چکی ہیں۔ ان کے مطابق بونیر کے علاقے چغرزئی میں بارش کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔