بھارت کے معروف گلوکار سونو نگم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے کیریئر کی شروعات پاکستان کے لیجنڈری گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے مشہور گانے “اچھا صِلہ دیا تُو نے میرے پیار کا” سے ہوئی تھی، جس نے ان کی شہرت اور کامیابی کے سفر میں بنیادی کردار ادا کیا۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سونو نگم نے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے لیے اپنے خاص جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 2011 میں انہوں نے اپنے گلوکاری کے سفر کا آغاز اسی مشہور گانے کو گا کر کیا تھا۔ ان کے مطابق یہ گانا ان کے لیے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
انٹرویو کے دوران سونو نگم نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی کامیابی کا بڑا سہرا عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عطا اللہ ایک خوبصورت شخصیت ہیں اور ان کی زندگی میں ان کی موجودگی اور اثرات ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔
سونو نگم نے مزید بتایا کہ جب وہ صرف 19 سال کے تھے تو ایک دن انہیں پاکستان سے فون آیا، جس میں خود عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے ان کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ گانا بے حد خوبصورتی کے ساتھ گایا ہے۔ سونو نگم کے مطابق یہ لمحہ ان کی زندگی کے لیے انتہائی یادگار اور حوصلہ افزا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے کیریئر میں کامیابی کا کریڈٹ عطا اللہ خان کو دینا چاہتے ہیں کیونکہ یہ گانا ان کے لیے نہ صرف کامیابی کی راہ کھولنے والا ثابت ہوا بلکہ ان کی مقبولیت کو بھی نئی بلندیوں پر لے گیا۔
یاد رہے کہ میانوالی کے قصبے عیسیٰ خیل سے تعلق رکھنے والے عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی سرائیکی اور اردو زبان کے علاوہ سات زبانوں میں گلوکاری کر چکے ہیں اور 30 سالہ موسیقی کے سفر میں وہ چار ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کرا چکے ہیں۔ ان کا گانا “اچھا صِلہ دیا تُو نے میرے پیار کا” سن 2006 میں ریلیز ہوا، جو آج بھی ان کے سب سے زیادہ مقبول گانوں میں شمار ہوتا ہے۔