ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مری کے مختلف تعلیمی اداروں کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ ایک معلوماتی نشست میں شرکت کی اور ان کے سوالات کے جواب دیے۔ اس موقع پر طلبہ کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
اس نشست میں آرمی پبلک اسکول، کونونٹ جیسس اینڈ میری اور پریزنٹیشن کونونٹ کے طلبہ شامل تھے۔ نوجوان طلبہ نے کھل کر اپنی رائے پیش کی اور ملک و قوم سے متعلق مختلف سوالات کیے جن کا ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلی اور رہنمائی پر مبنی جواب دیا۔
طلبہ نے کہا کہ ایسی معلوماتی نشستیں وقت کی اہم ضرورت ہیں کیونکہ یہ نوجوان نسل کو آگاہی اور شعور دیتی ہیں۔ ان کے مطابق وطن دشمن عناصر جتنی بھی کوششیں کر لیں، وہ پاکستانی نوجوانوں کو اپنی مسلح افواج سے دور نہیں کر سکتے۔
طلبہ نے مزید کہا کہ پاک فوج اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، ہم اپنی فوج کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں اور وطن دشمنوں کی ہر میلی آنکھ کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمیشہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔