اسلام آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رواں ماہ 25 ستمبر کو ملاقات متوقع ہے، جس میں فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوں گے۔
یہ ملاقات اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر متوقع ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی مشاورت کے لیے ایک اہم موقع تصور کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششیں حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ اسرائیلی حملوں اور دوحہ میں مسلم ممالک کی حالیہ کانفرنس کے تناظر میں وزیراعظم اور فوجی قیادت کے قطر اور سعودی عرب کے دوروں کے بعد یہ ملاقات خاصی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ ایجنڈے، وقت اور مقام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق صدر ٹرمپ 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے اور عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں ایک استقبالیہ بھی دیں گے، تاہم باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی تفصیلی ملاقات 25 ستمبر کو واشنگٹن میں متوقع ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ ملاقات قطر اور سعودی عرب کی مشاورت اور حمایت سے ممکن ہو رہی ہے، جس کے ایجنڈے میں قطر پر اسرائیلی حملوں کے اثرات، پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں اور پاک-بھارت تعلقات شامل ہوں گے۔
ادھر پاکستانی سفارتخانے نے اس ممکنہ ملاقات پر کوئی تبصرہ یا تردید کرنے سے گریز کیا ہے۔