وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کی خوشیوں میں پاکستان بھی برابر کا شریک ہے اور یہ دن پاکستان کے عوام کے لیے بھی خوشی اور عقیدت کا باعث ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا صرف ایک قریبی دوست نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے محبت اور عقیدت کا مرکز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان کو حرمین شریفین کا محافظ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جو پوری قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت اور عوام نے مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ صرف دو ممالک کے درمیان تعاون نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک مضبوط ڈھال ہے جو خطے میں امن اور استحکام کی ضمانت فراہم کرے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں اور پاکستان اس برادر ملک کے ساتھ ہر مرحلے پر کھڑا رہے گا۔