محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے صوبے بھر کے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر لگی پرانی یا پیلے رنگ کی نمبر پلیٹس کو فوری طور پر نئی فیوچرڈ نمبر پلیٹس سے تبدیل کرائیں۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت کے اندر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں شہریوں کو بھاری جرمانوں اور دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ ایکسائز نے اس حوالے سے ایک یاد دہانی نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں موٹرسائیکل، کار اور دیگر پرائیویٹ و کمرشل گاڑیوں کے مالکان کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ اگلے ماہ تک اپنی گاڑیوں کی پرانی پلیٹس تبدیل کر لیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جن شہریوں نے اب تک پرانی سیریز کے نمبر پلیٹس سوک سینٹر سے وصول نہیں کیے، وہ پہلی فرصت میں انہیں وصول کر لیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور تمام مالکان کو ایک مخصوص مدت کے اندر نئی پلیٹس خریدنے اور لگانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم ابھی بھی بڑی تعداد میں شہری پرانی پلیٹس استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈیڈ لائنز بار بار بڑھائی جا رہی ہیں اور سخت کارروائی کی وارننگ دی جا رہی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نمبر پلیٹس کے ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور صوبے میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم، شہریوں کی ایک بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ یہ اچانک فیصلہ خصوصاً کراچی میں عوام کے لیے مشکلات اور پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔