آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے بھارتی شہر چنائے جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کو فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سلک وے ایئرلائن کی پرواز زیڈ پی 4771 باکو سے چنائے جا رہی تھی کہ راستے میں فنی مسئلہ پیدا ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق طیارہ پاکستانی فضائی حدود عبور کر کے بھارتی فضائی حدود میں بحیرہ عرب کے اوپر 31 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا جب اچانک تکنیکی خرابی سامنے آئی۔ پائلٹ نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
اجازت ملنے پر IL76 کارگو طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر باحفاظت لینڈنگ کی۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارے کو ٹرمینل ون پر پارک کردیا گیا ہے، جہاں انجینئرز طیارے کی فنی جانچ کر رہے ہیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔