نادرا نے شہریوں کی سہولت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے فیس جمع کرانے کا نیا اور آسان طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔ اس نظام کے تحت شہریوں کو شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر خدمات کی فیس کے لیے اب بینکوں کی طویل قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔
ترجمان نادرا کے مطابق شہری اب اپنی فیس موبائل ایپلی کیشنز، آن لائن بینکنگ اور مختلف الیکٹرانک ذرائع کے ذریعے ادا کر سکیں گے، جبکہ براہِ راست نقد ادائیگی کی سہولت بھی نادرا دفاتر میں فراہم کر دی گئی ہے۔
اس نئے نظام کے بارے میں ترجمان نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف عوام کا وقت بچے گا بلکہ ادائیگی کا عمل شفاف اور محفوظ بھی ہوگا۔ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ اس سہولت سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا دیگر دستاویزات کی فیس جمع کرانا ایک وقت طلب اور پیچیدہ عمل تھا۔ شہریوں کو پہلے چالان بنوانا پڑتا تھا، پھر بینک میں فیس جمع کرانا اور اس کے بعد دوبارہ نادرا دفتر جا کر درخواست آگے بڑھانا لازمی ہوتا تھا۔
ماہرین کے مطابق نادرا کا یہ فیصلہ “ڈیجیٹل پاکستان” وژن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جو سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مالی شفافیت یقینی بنانے کی عکاسی کرتا ہے۔