نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کو بڑی رعایت دیتے ہوئے بجلی کے نرخ میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ رعایت مالی سال 2024 تا 2030 کے لیے جمع کرائی گئی ملٹی ایئر ٹیرف کی نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے دی گئی۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک کا اوسط ٹیرف 39 روپے 97 پیسے فی یونٹ سے کم کر کے 32 روپے 37 پیسے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ کمی جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی کے تمام شعبوں پر لاگو ہوگی۔
فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ادارے کا رائٹ آف کلیمز سے متعلق سابقہ فیصلہ برقرار رہے گا۔ اگرچہ ٹیرف میں نمایاں کمی کی گئی ہے، لیکن صارفین پر رائٹ آف کلیمز کی مد میں 50 ارب روپے کا بوجھ بدستور برقرار رکھا گیا ہے تاکہ کمپنی کے مالیاتی تقاضے اور ترقیاتی منصوبے متاثر نہ ہوں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی اس فیصلے کا تفصیلی اور قانونی طور پر جائزہ لے رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق فیصلہ ادارے کے مختلف کاروباری پہلوؤں پر اثر انداز ہوگا جن میں جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کو بہتر اور مستحکم سروس فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ فورمز پر اپیل بھی دائر کر سکتی ہے۔