بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی وصول کرنے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔ بھارتی ٹیم نے فائنل میچ جیتنے کے باوجود ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس پر محسن نقوی نے ٹرافی واپس اے سی سی کے دفتر بھیج دی تھی۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بھارتی بورڈ کے خط کا جواب دیتے ہوئے واضح مؤقف اپنایا ہے کہ اگر بھارتی بورڈ کو ٹرافی وصول کرنی ہے تو اسے تقریب میں آکر وصول کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں تقریب 10 نومبر کی شام دبئی میں منعقد کی جائے گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نے مؤقف اختیار کیا کہ بھارتی بورڈ کا کوئی نمائندہ کسی ایک کھلاڑی کے ہمراہ تقریب میں شرکت کر کے ٹرافی وصول کر سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے بھارتی بورڈ کو نومبر کے پہلے ہفتے میں ٹرافی دینے کی پیشکش کی ہے۔ ٹرافی دینے کی تقریب دبئی میں ہوگی اور حتمی تاریخ کا اعلان جلد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ 2025 کا فائنل جیتنے کے بعد ٹرافی وصول نہیں کی تھی جس کے بعد ٹرافی کو باضابطہ طور پر واپس کونسل کے دفتر بھجوا دیا گیا تھا۔