دبئی نے 2026 سے 2028 تک کے لیے اپنے تاریخ کے سب سے بڑے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، جس سے امارت کی آئندہ تین برسوں میں مالی ترجیحات اور ترقیاتی منصوبوں کی سمت واضح ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے اس تین سالہ بجٹ کا مجموعی حجم 302.7 ارب درہم، یعنی تقریباً 82.41 ارب ڈالر ہے۔ یو اے ای کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اسی عرصے کے دوران دبئی کی آمدن میں 5 فیصد اضافے کی توقع ہے، جس کے بعد کل آمدنی کا تخمینہ 329.2 ارب درہم (تقریباً 89.63 ارب ڈالر) لگایا گیا ہے، اور اس مدت میں سرپلس کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 2026 کے لیے دبئی کے اخراجات کا تخمینہ 99.5 ارب درہم لگایا گیا ہے، جبکہ اس سال کی مجموعی آمدن 107.7 ارب درہم متوقع ہے، جو اخراجات سے زیادہ ہے۔
ترقیاتی ترجیحات کے مطابق 2026 کے لیے مختص کیے گئے بجٹ کا تقریباً 48 فیصد حصہ سڑکوں، پلوں اور پبلک ٹرانسپورٹ جیسے انفرا اسٹرکچر منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ سماجی شعبے کے لیے 28 فیصد بجٹ مخصوص کیا گیا ہے، جس میں صحت، تعلیم، کمیونٹی ڈیولپمنٹ اور سماجی بہبود کے پروگرام شامل ہیں۔