بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق یہ عالمی ایونٹ اگلے سال فروری سے شروع ہو کر 8 مارچ تک جاری رہے گا۔ شیڈول کا باضابطہ اعلان آج ممبئی میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا شیڈول حتمی مراحل میں ہے اور آج ہی جاری کر دیا جائے گا۔ اس ایونٹ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر انجام دیں گے، جہاں گروپ میچز سے لے کر فائنل تک تمام مراحل دونوں ممالک میں شیڈول کیے گئے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، اور دونوں روایتی حریف 15 فروری کو کولمبو میں ایک ہائی وولٹیج مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔ اس گروپ میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ امریکا، نمیبیا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ میں شامل 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سابقہ فارمیٹ کی طرح ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر ایٹ میں پہنچنے والی آٹھ ٹیموں کو مزید دو گروپس میں بانٹا جائے گا اور دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنلز میں جگہ بنائیں گی۔
بھارت میں میچز کولکتہ، چنائی، دہلی اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے، جبکہ سری لنکا میں کولمبو اور کینڈی میچوں کی میزبانی کریں گے۔ فائنل کے لیے احمد آباد کو مخصوص کیا گیا ہے، تاہم اگر پاکستان فائنل میں پہنچتا ہے تو مقابلہ کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔ اسی طرح سیمی فائنلز کے لیے ممبئی اور کولکتہ کو منتخب کیا گیا ہے، اور پاکستان کی رسائی کی صورت میں سیمی فائنل کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
دیگر گروپس میں سری لنکا، آسٹریلیا، زمبابوے، آئرلینڈ اور عمان ایک گروپ میں شامل ہیں۔ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش، نیپال اور اٹلی دوسرے گروپ کا حصہ ہوں گے، جبکہ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، یو اے ای اور کینیڈا کو ایک اور گروپ میں رکھا گیا ہے۔