کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کی سڑکوں اور گلیوں کی ازسرِنو تعمیر کے لیے 25 ارب روپے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو خستہ حال انفرااسٹرکچر اور ٹریفک مسائل سے نجات دلانے کے لیے مالی وسائل میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی، تاہم تعمیراتی کام کا بروقت آغاز نہایت ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت مراد علی شاہ نے خود کی، جس میں کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خالد حیدر شاہ سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے شہر کی 315 اندرونی سڑکوں اور گلیوں کے ساتھ 60 اہم اور بڑی شاہراہوں کی تعمیر نو کی منظوری دی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ کام جنگی بنیادوں پر مکمل ہوں تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے نفاذ کے بعد کراچی میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری آئی ہے۔