آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور دنیا میں اپنا صحیح مقام ضرور حاصل کرے گا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، اس دوران شرکاء کی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی، شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری قومی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، بشمول منشیات کی سمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن جو سکیورٹی پر منفی اثر ڈالتے ہیں، بہتر سرحدی کنٹرول اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے بارے میں اپ ڈیٹس کا اشتراک کیا گیا، جس کا مقصد اندرونی نظم کو برقرار رکھنا اور قومی مفادات کا تحفظ کرنا تھا۔
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ 27 کے شرکاء سے ایک انٹریکٹیوسیشن میں خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور انفارمیشن وار جیسے نئے محاذوں کا سامنا کر رہا ہے، تاہم افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بے مثال ہمت اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، معرکۂ حق میں ہماری پیشہ ورانہ کارکردگی نے پاکستان کا عالمی قد بلند کیا ہے۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور یہ دنیا میں اپنی صحیح جگہ ضرور حاصل کرے گا، قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، قومی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی ہی ترقی کی حقیقی ضمانت ہے، دشمن کے تمام عزائم ناکام ہوں گے، ہر شہری کی حفاظت اور سرحدوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پائیدار امن و استحکام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری ہے۔