وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ پاکستان اور بحرین کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط اور بامقصد بنانے کے عزم کے ساتھ اہم سرکاری مصروفیات انجام دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی بحرین پہنچے گا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا، سینئر حکام اور مختلف محکموں کے افسران شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں طے ہیں، جن میں دوطرفہ تعاون، علاقائی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور مملکت بحرین کے درمیان طویل عرصے سے قائم گرمجوش اور خوشگوار تعلقات کی توسیع کا تسلسل ہے۔ اس کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان نتائج پر مبنی شراکت داری اور تزویراتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس دورے سے نہ صرف روایتی باہمی تعلقات کو نئی تقویت ملے گی بلکہ دوستی اور اعتماد کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔ اس کے ساتھ عوامی سطح پر روابط مزید گہرے ہوں گے، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند تعاون کا سبب بنیں گے۔