دنیا بھر میں فلائٹ کنٹرول سافٹ ویئر کے مسائل کا سامنا کرنے والے ایئربس A320 طیارے پاکستان میں بھی بڑی تعداد میں استعمال ہو رہے ہیں، تاہم ملکی ایئرلائنز نے اپنے طیاروں کو محفوظ قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر 47 ایئربس A320 طیارے اس وقت مختلف ایئرلائنز کی سروس کا حصہ ہیں۔ قومی ایئر لائن کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے A320 طیاروں میں فلائٹ کنٹرول سافٹ ویئر ELAC-L104 کا پیچ انسٹال ہی نہیں کیا گیا، اس لیے یہ عالمی مسئلے سے متاثر نہیں ہوئے اور تمام طیارے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
ایک نجی ایئرلائن کے ڈائریکٹر آپریشن کے مطابق ان کی کمپنی کے بیڑے میں 12 ایئربس A320 طیارے شامل ہیں، جن میں موجود سافٹ ویئر مکمل طور پر اپڈیٹ ہے اور پروازوں میں کسی قسم کی تکنیکی خرابی موجود نہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی تین نجی ایئرلائنز مجموعی طور پر 18 ایئربس A320 طیارے چلا رہی ہیں، جنہیں عالمی سافٹ ویئر الرٹ کے بعد بھی آپریشنل طور پر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔