صحافی احمد نورانی، جمیل فاروقی اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر کو سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈا کرنے سے متعلق الگ الگ مقدمات میں عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ نے ایک تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مستقل وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ملزمان کو متعدد مرتبہ طلب کیا گیا لیکن وہ بارہا بلانے کے باوجود عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے، جس کے بعد انہیں اشتہاری قرار دینا ناگزیر ہو گیا۔ تحریری حکم کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مقدمات میں اپنی تفتیش مکمل کرتے ہوئے چالان عدالت میں جمع کرا دیے ہیں تاکہ قانونی کارروائی آگے بڑھ سکے۔
مذکورہ افراد کے خلاف ایف آئی آرز جولائی اور اگست 2025 میں درج کی گئی تھیں، جن میں مختلف سائبر کرائم اور دیگر قانونی دفعات شامل کی گئیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ مستقل وارنٹ گرفتاری قانون کے تقاضوں کے مطابق نافذ کیے جائیں تاکہ ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے مقدمے کا سامنا کرایا جا سکے۔