سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں 12 بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ کارروائی ہفتے کو اس اطلاع پر کی گئی کہ بھارت کے ایک مبینہ پراکسی گروپ فتنہ الہندستان جو کہ اسلام آباد کی جانب سے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے لیے استعمال کیا جانے والا نام ہے سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا اور یہ تمام افراد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
مزید کہا گیا کہ علاقے میں صفائی (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے ،تاکہ کسی باقی رہ جانے والے دہشت گرد کو بھی ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت جو نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی نے منظور کیا ہے ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک اپنا انسدادِ دہشت گردی مشن جاری رکھیں گے۔