سندھ کے ضلع مٹیاری میں حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر چوری کی واردات پیش آئی ہے جس نے انتظامیہ اور زائرین میں تشویش پیدا کردی ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم چور رات کی تاریکی میں مزار کے مرکزی گیٹ کو زبردستی توڑ کر اندر داخل ہوئے اور وہاں سے چاندی کے مختلف حصے چوری کرکے فرار ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق چوروں نے مزار کے داخلی حصے میں موجود چاندی کو ہدف بنایا اور کارروائی مکمل کرنے کے بعد وہاں سے باآسانی نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد مزار کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مزار کے احاطے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی گئی ہے اور فوٹیجز کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے اور چوری میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔