شکارپور میں منچر شیخ کے علاقے میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے ایک بڑے مقابلے میں 9 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ڈی ایس پی سمیت متعدد اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی شکارپور کے مطابق پولیس کو اس علاقے میں ڈاکوؤں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر ایک خصوصی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ جیسے ہی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی شروع کی تو ڈاکوؤں نے فوری طور پر فائرنگ کردی، جس کے بعد پولیس نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن کو آگے بڑھایا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقابلہ اب تک جاری ہے اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے تاکہ ڈاکوؤں کے مزید ٹھکانوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ اس آپریشن کے دوران بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ چھپے ہوئے ملزمان کی نگرانی اور نشاندہی مؤثر انداز میں ممکن ہو سکے۔
ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی گڑھی یاسین، ظہور سومرو اور ڈی ایس پی سٹی، پارس بکرانی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 4 دیگر پولیس اہلکاروں کو بھی گولیاں لگیں۔ تمام زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے اور امکان ہے کہ مزید ملزمان بھی گرفتار یا ہلاک کیے جائیں گے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔