چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کچھ عناصر جان بوجھ کر ادارے اور پی ٹی آئی کے درمیان فاصلے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ حالیہ دنوں میں ہوا وہ نہایت افسوس ناک ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اُن کے مطابق کچھ لوگ ماحول کو مزید خراب کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ ادارے اور پی ٹی آئی کے درمیان غلط فہمیاں برقرار رہیں اور تعلقات میں مضبوطی نہ آنے پائے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، بلکہ وہ ہمیشہ اس بات کے حامی رہے ہیں کہ بات چیت اور افہام و تفہیم ہی کسی بھی مسئلے کا بہترین حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حالات کو بہتر دیکھنا چاہتے ہیں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم ادارے کے کردار کا احترام کرتے ہیں اور ہمیشہ سے اس کی تائید کی ہے۔ اُن کے مطابق تحریک انصاف کا دیرینہ مؤقف یہی ہے کہ ایک مضبوط فوج پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ ملک اس وقت کسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، اور جب ایسی بیانات دیے جائیں گے جن میں ’ایسی کی تیسی‘ جیسے الفاظ استعمال ہوں تو پھر معاملات صرف ایک فریق کے بس میں نہیں رہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پریس کانفرنس نے انہیں سخت مایوس کیا، کیونکہ جمہوریت دشمن قوتیں یہی چاہتی ہیں کہ سیاسی لڑائی بڑھتی رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سیاست میں ’مائنس‘ کی بات کرنے کے بجائے مل جل کر کام کرنے اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔