ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے افراد مجرم ہیں اور انہیں جیل بھیجا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای چالان نظام کے نفاذ کے بعد ٹریفک حادثات میں تقریباً 50 فیصد کمی آئی ہے، جو اس نظام کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ای چالان کے آغاز کے بعد بعض افراد نے جرمانوں سے بچنے کے لیے گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگانا شروع کر دی ہیں یا اصل نمبر چھپا دیتے ہیں، تاہم ایسے تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور جرمانے عائد ہوں گے۔
پیر محمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں حادثات مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکتے، تاہم ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ان میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنا ایک سنگین جرم ہے اور ایسے عناصر کو سخت سزا ملنی چاہیے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے بھی شہر بھر میں جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سی پی ایل سی چیف اور ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے کہا تھا کہ ای چالان کے نفاذ سے ٹریفک نظام میں بہتری آئی ہے اور اب تک تقریباً ایک لاکھ چالان کیے جا چکے ہیں۔