محکمہ پاسپورٹ نے درخواستوں کی وصولی، پرنٹنگ کے عمل اور مجموعی کارکردگی کی موثر نگرانی کے لیے ایک نیا اور جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام نافذ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایات پر ہیڈکوارٹرز میں 24/7 فعال خصوصی مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزمرہ آپریشنز کی مکمل مانیٹرنگ اور ایولیویشن کی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نئے نظام کے تحت پاسپورٹ درخواستوں اور ان کی بروقت ڈیلیوری کی رئیل ٹائم نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ شہری کی درخواست جمع ہونے سے لے کر پاسپورٹ کے اجراء اور ترسیل تک ہر مرحلے کو جدید ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا تاکہ کسی بھی تاخیر یا تکنیکی مسئلے کی فوری نشاندہی ہو سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نئے مانیٹرنگ سسٹم کی مدد سے پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی بھی ہو سکے گی، جبکہ اسٹاف کی کارکردگی، پاسپورٹ پرنٹنگ کے مراحل اور نیٹ ورک کی صورتحال کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ بیک لاگ کے خاتمے اور مشینری کی کارکردگی کے تجزیے کے لیے بھی یہ نظام معاون ثابت ہوگا۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کے مطابق جدید مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے محکمے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف افسران اور عملے کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جائے گی بلکہ ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے رش کی صورتحال بھی فوری طور پر مانیٹر کر کے مسائل کا بروقت حل فراہم کیا جائے گا۔