کراچی میں آتشزدگی کا شکار ہونے والے گل پلازہ کے ساتھ واقع رمپا پلازہ بھی متاثر ہو گیا ہے، جہاں آگ کے اثرات کے باعث عمارت کے ستونوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے بعد حفاظتی خدشات سامنے آ گئے ہیں۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے گل پلازہ سے متصل عمارت رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے باضابطہ طور پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق گل پلازہ میں تیسرے درجے کی شدید آتشزدگی کے باعث رمپا پلازہ کے ستون بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس سے عمارت کی مضبوطی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
ایس بی سی اے کی جانب سے رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ عمارت کے خطرناک حصوں کے استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رمپا پلازہ میں کسی بھی قسم کی غیر اجازت شدہ سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ہفتے کی شب گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 81 افراد لاپتا قرار دیے گئے تھے، جن میں سے اب تک 74 لاپتا افراد کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ اس افسوسناک سانحے میں 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔