فلپائن میں 350 سے زائد افراد کو لے جانے والی ایک مسافر بردار کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 28 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ جنوبی فلپائنی صوبے باسیلان کے قریب پیش آیا، جہاں مسافر بردار کشتی بندرگاہی شہر زمبوانگا سے جنوبی سولو کے جزیرے جولو کی جانب روانہ تھی۔
فلپائنی کوسٹ گارڈ کے مطابق کشتی میں مجموعی طور پر 332 مسافر اور 27 افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا، جبکہ حادثہ رات گئے پیش آیا جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 316 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، تاہم 28 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔