آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کو آج ایک انتہائی اہم اور فیصلہ کن امتحان کا سامنا ہوگا، جہاں گرین شرٹس سپر سکس مرحلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
پاکستان ٹیم کے لیے سپر سکس مرحلہ نہایت اہم ثابت ہو رہا ہے، کیونکہ یکم فروری کو گرین شرٹس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے بھی ہونا ہے۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو سپر سکس مرحلے کے دونوں میچز جیتنے کے ساتھ ساتھ اپنا رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہوگا۔
ایونٹ کے ابتدائی مرحلے کے اختتام پر پاکستان ٹیم نے دو میچز کھیل کر دو پوائنٹس حاصل کیے، جس کے بعد گرین شرٹس سپر سکس مرحلے میں پہنچے۔ دوسری جانب بھارت اور انگلینڈ نے اپنے دو، دو میچز جیت کر چار، چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔
بھارت اور انگلینڈ کا رن ریٹ بھی پاکستان کے مقابلے میں بہتر ہے، جس کے باعث قومی ٹیم پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے اور ہر میچ میں واضح برتری حاصل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔