صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے ملاقات کی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے مکالمے کے فروغ، شمولیت کے اصولوں اور پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ معاشروں میں رواداری اور باہمی احترام عالمی امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔
صدر مملکت نے ملاقات کے دوران رواداری اور بقائے باہمی کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے رواداری اور انسانی اخوت سے متعلق وژن کو سراہا، جس نے متحدہ عرب امارات کو عالمی سطح پر ایک مثبت مثال کے طور پر نمایاں کیا ہے۔
صدر پاکستان نے شیخ محمد بن زاید النہیان کے رواداری اور انسانی اخوت سے متعلق قومی وژن کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وژن خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے 200 سے زائد قومیتوں کے درمیان اتحاد، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی کامیابی کو ایک متاثر کن سماجی ماڈل قرار دیا، جو دیگر ممالک کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے۔
اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، رکنِ قومی اسمبلی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔