گزشتہ روز صوبۂ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد چند حساس علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنا ہے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق گزشتہ رات سے جاری سیکیورٹی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر فہیم احمد نے بتایا کہ اکبر علی خان، جھنڈو خیل، سدا خیل، بکول خیل اور عمر زئی کے علاقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے، جو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک برقرار رہے گا، تاکہ سیکیورٹی فورسز کو نگرانی اور کلیئرنس کے اقدامات میں سہولت حاصل ہو سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں کے علاقے ڈومیل میں واقع اکبر کلے اور اسپرکہ میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا تھا، جس کا مقصد علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔
حکام کے مطابق اس مشترکہ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔