خیبرپختونخوا حکومت نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، تاکہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 5 فروری کو صوبے بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے مختلف سرکاری اور عوامی سطح کے پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار ادارے، سرکاری کارپوریشنز اور تمام سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارے 5 فروری کو بند رہیں گے۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا تھا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 5 فروری 2026 کو یومِ کشمیر کے موقع پر پورے ملک میں عام تعطیل ہوگی۔
واضح رہے کہ یومِ کشمیر ہر سال پاکستان میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن ملک بھر میں خصوصی تقاریب، سیمینارز، ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا جا سکے۔