لاہور میں بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے دوران پیش آنے والے مختلف افسوسناک واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے، جس کے باعث شہر میں خوشی کا یہ موقع کئی خاندانوں کے لیے غم میں تبدیل ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے میں سکھ نہر کے قریب 25 سالہ علی رشید کٹی ہوئی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا، تاہم اس دوران اسے کرنٹ لگا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید افسوس اور غم کی فضا قائم ہو گئی۔
دوسری جانب ڈیفنس فیز 5 میں پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے نوجوان رافع زخمی ہو گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسی طرح گلشنِ راوی میں بھی پتنگ کی ڈور کے باعث 8 سالہ ارسا اور 45 سالہ شبیر زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت امداد فراہم کی۔
ریسکیو حکام کا مزید کہنا ہے کہ لوئر مال کے علاقے میں 12 سالہ عبد الواحد پتنگ لوٹتے ہوئے زخمی ہوا، جبکہ گلشنِ راوی میں ہی 14 سالہ سلمان درخت سے پتنگ اتارنے کی کوشش کے دوران زخمی ہو گیا۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بسنت کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔