کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں پلاسٹک بنانے والی ایک فیکٹری میں لگنے والی شدید آگ پر طویل کوششوں کے بعد 11 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے امکانات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پلاسٹک، پرانے کپڑوں اور جوتوں کی فیکٹریوں میں لگی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ آگ ایک فیکٹری سے دوسری فیکٹری تک پھیل گئی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث تیسری فیکٹری کو محفوظ رکھا گیا اور بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
حکام کے مطابق تیسرے درجے کی یہ آگ جمعے کی رات تقریباً پونے 9 بجے لگی تھی، جس پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ آگ بجھانے کے عمل میں کے ایم سی، پاک بحریہ اور ریسکیو 1122 کے 20 سے زائد فائر ٹینڈر اور 3 اسنارکل گاڑیوں نے حصہ لیا، جنہوں نے مسلسل کئی گھنٹوں تک امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
کمشنر کراچی کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم فیکٹریوں میں موجود سامان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔