نیپرا نے پروسومر ریگولیشنز 2026 جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت نیٹ میٹرنگ 2015 ریگولیشنز کو ختم کرتے ہوئے نیا نیٹ بلنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت پروسومرز اب نیٹ بلنگ کے ذریعے بجلی فروخت کر سکیں گے، جبکہ پیدا شدہ بجلی نیشنل ایوریج انرجی پرچیز پرائس پر خریدی جائے گی۔
ریگولیشنز کے مطابق ڈسکوز کے صارفین دو طرفہ میٹر یا علیحدہ میٹر نصب کروانے کے پابند ہوں گے، جبکہ ایک کلوواٹ سے ایک میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ پروسومر معاہدہ ابتدائی طور پر پانچ سال کے لیے ہوگا، جس کے بعد اس کی تجدید ممکن ہوگی، جبکہ 250 کلوواٹ یا اس سے زائد نظام کے لیے لوڈ فلو اسٹڈی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر کی 80 فیصد گنجائش تک کنکشن فراہم کیا جا سکے گا۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد 15 دن کے اندر انٹرکنکشن فراہم کرنا لازم ہوگا، جبکہ نیپرا سات دن کے اندر کنکرنس جاری کرنے کا پابند ہوگا۔ صارفین کی اضافی پیداوار اگلے بل میں ایڈجسٹ کی جائے گی یا سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔
ریگولیشنز میں ڈسکوز کو غیرقانونی توسیع روکنے کے لیے مانیٹرنگ کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں، جبکہ معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں کنکشن منقطع کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ حفاظتی آلات کا استعمال اور بین الاقوامی معیار پر پورا اترنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ نئے ریگولیشنز فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
دوسری جانب نئی نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کا اطلاق بائیوگیس صارفین پر بھی ہوگا۔ نئے قواعد کے تحت نیٹ بلنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس کے مطابق بلنگ سائیکل کے اختتام پر بل جاری ہوگا، جبکہ نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی نیشنل ایوریج انرجی پرائس کے مطابق خریدی جائے گی۔
ریگولیشنز کے مطابق صارفین کو بجلی موجودہ رائج ٹیرف کے تحت فراہم کی جائے گی، جبکہ نیشنل گرڈ کو اضافی بجلی فراہم کرنے پر سہ ماہی بنیادوں پر ادائیگی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ نیٹ میٹرنگ کے معاہدے کی مدت پانچ سال تک محدود کر دی گئی ہے، جس کی تکمیل کے بعد مزید پانچ سال کے لیے تجدید کی جائے گی۔