حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 39 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست باضابطہ طور پر جاری کر دی ہے، جنہیں سنگین دہشت گرد کارروائیوں اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔
جاری کردہ فہرست میں حیر بیار مری، براہمداغ بگٹی، بشیر زیب، رحمٰن گل سمیت دیگر مطلوب افراد کے نام شامل ہیں، جن کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ مختلف شدت پسند تنظیموں سے وابستہ رہے ہیں اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہیں۔
صوبائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ان مطلوب دہشت گردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والے افراد کو 5 لاکھ روپے سے لے کر 25 کروڑ روپے تک انعام دیا جائے گا، جس کا انحصار ملزم کی اہمیت اور فراہم کردہ معلومات کی نوعیت پر ہوگا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہری بلا خوف و خطر معلومات فراہم کر سکیں۔
حکومتِ بلوچستان نے اس مقصد کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کر دیے ہیں، تاکہ عوام براہِ راست متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے مطلوب افراد کے بارے میں معلومات فراہم کر سکیں اور دہشت گردی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔