وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میانوالی نے چار سال پنجاب اور پاکستان پر حکومت کی، لیکن اس کے باوجود ضلع میں وہ ترقی نظر نہیں آئی جس کی عوام کو توقع تھی۔
میانوالی میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ وقت گزر چکا جب لوگ میانوالی سے ووٹ لے کر واپس چلے جاتے تھے اور عوام کو نظر انداز کر دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ دعویٰ کرتے تھے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں صرف لاہور میں ترقی ہوئی، وہ آج میانوالی آ کر خود دیکھ لیں کہ یہاں بھی نمایاں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گرین بس سروس، جدید طبی سہولیات اور میڈیکل اسپتال جیسی سہولتیں جو لاہور میں دستیاب ہیں، اب میانوالی کو بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محض دعوؤں پر یقین نہیں رکھتیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے نتائج دکھانے پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے مزید تین سال خدمت کا موقع دیا تو پنجاب کی تقدیر بدل دی جائے گی اور میانوالی کو کسی صورت محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی نے چار سال حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کو موقع دیا، لیکن علاقے میں خاطر خواہ ترقی نہ آ سکی۔ انہوں نے میانوالی کے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ کسی کو دھوکے میں نہ آئیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جلسے کے دوران میانوالی میں کالج آف الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، زرعی کالج اور لا کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی سہولت ان کے اپنے ضلع میں فراہم کی جائے گی۔