کراچی کے علاقے کاٹھور کے قریب ایم 9 موٹروے پر پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ انصاری پل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر بس رانگ وے سے سڑک پر داخل ہوئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کئی دیگر گاڑیاں بھی اس کی زد میں آ گئیں اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی طور پر 13 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والا ایک اور بچہ دورانِ علاج دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 3 سالہ عمران کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ 5 زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 12 افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
لواحقین کے مطابق متاثرہ خاندان کوٹری سے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آیا تھا اور واپسی پر یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ رانگ سائیڈ آنے والی تیز رفتار بس کے آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا، جبکہ آئی جی موٹرویز نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔