ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور میچ کے آغاز سے ہی ٹیم نے مثبت انداز اپنانے کی کوشش کی۔
کولمبو میں کھیلے جا رہے اس اہم مقابلے میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم ابتدائی اوورز میں دونوں بیٹرز قدرے دباؤ کا شکار دکھائی دیے اور رنز بنانے میں محتاط حکمت عملی اپنائی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 5.1 اوورز میں 40 رنز پر گری جب صائم ایوب 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد مڈل آرڈر پر ذمہ داری مزید بڑھ گئی۔
بعد ازاں کپتان سلمان علی آغا اور صاحبزادہ فرحان نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور ایک مؤثر شراکت قائم کی، جس کی بدولت ٹیم کا اسکور 100 رنز تک پہنچا۔ اس دوران صاحبزادہ فرحان نے 37 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، اور انہوں نے ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 12.1 اوورز میں 107 رنز پر گری جب سلمان علی آغا 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس شراکت نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
میچ سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے اور کھلاڑی مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے خلاف میچ میں ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور وہ اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شاہین آفریدی اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ ان کی جگہ سلمان مرزا اور خواجہ نافع کو حتمی الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔ اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو بھی پاکستان اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گا، تاہم نمیبیا کے خلاف شکست کی صورت میں امریکا کی ٹیم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گی۔