قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے پاکستان قونصلیت گلاسگو میں نادرا کے نئے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کے بعد اسکاٹ لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کو شناختی کارڈ اور دیگر متعلقہ دستاویزات کے حصول کی سہولت مقامی سطح پر دستیاب ہو گئی ہے۔
رانا ثمر جاوید کی مسلسل اور مؤثر کوششوں کے نتیجے میں قونصلیت گلاسگو میں نادرا کا مستقل دفتر قائم کیا گیا ہے، جہاں قومی شناختی کارڈ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات کی تیاری اور تجدید کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کو بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل نادرا کی ٹیم بریڈ فورڈ، انگلینڈ سے ماہانہ صرف ایک بار گلاسگو کا دورہ کرتی تھی، تاہم اسکاٹ لینڈ میں موجود پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ضروریات کے پیش نظر یہ سہولت انتہائی ناکافی تھی، جس کے باعث کمیونٹی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور درخواستوں کی تکمیل میں تاخیر ہوتی تھی۔
نئے دفتر کے قیام کے بعد پورے اسکاٹ لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کو اب اپنی دستاویزات کے حصول کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنماؤں نے قونصل جنرل رانا ثمر جاوید کی خصوصی کاوشوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو کمیونٹی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔