ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس پر پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ حکام کے مطابق جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ افغان طالبان نے طورخم اور تیراہ کے علاقوں میں پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقے کے تین مختلف مقامات پر جھڑپیں ہوئیں اور فائرنگ کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے تمام جوان محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
وزیراعظم کے ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔