اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ اس معاملے کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران سیکریٹری داخلہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوئے، جس پر الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ سیکریٹری داخلہ کہاں ہیں اور وہ سماعت میں کیوں پیش نہیں ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر سیکریٹری داخلہ سماعت میں پیش نہیں ہو رہے تو آئندہ سماعت پر وفاقی وزیرِ داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا اور وہ خود الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔ انہوں نے آئی سی ٹی حکام کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ حکام کو اس فیصلے سے آگاہ کریں۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ سیکریٹری داخلہ کو اس حوالے سے خط بھیجا گیا تھا مگر انہوں نے تعاون نہیں کیا اور نہ ہی اس کا کوئی جواب دیا گیا۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت دی کہ سیکریٹری داخلہ کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کیا جائے۔