وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف اضلاع میں سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے دوران 86 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائیاں مختلف حساس علاقوں اور آبادیوں میں کی گئیں جہاں رہائشی ریکارڈ اور شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے جبکہ ان کے رہائشی ریکارڈ اور شناختی دستاویزات کی بھی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم اور چکوال میں حساس مقامات، رہائشی آبادیوں اور تجارتی مراکز کی بھی اسکریننگ کی گئی۔ اس دوران کرایہ داری قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف گرفتاریاں کی گئیں جبکہ مشتبہ سرگرمیوں کی چھان بین بھی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات اور اسلحہ برآمدگی سے متعلق اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
ان آپریشنز میں پولیس، لیڈی پولیس، رینجرز، ایلیٹ پولیس سیکشنز، ڈولفن اسکواڈ، سی ٹی ڈی اہلکاروں اور انٹیلیجنس اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔