مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گئے ہیں اور گزشتہ پانچ روز کے دوران آٹھ ممالک میں منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس صورتحال نے خطے میں فضائی سفر کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے بھی مسلسل چھٹے روز مشرقِ وسطیٰ کے لیے پروازیں متاثر رہیں اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اس کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے 35، لاہور سے 29 اور ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12 اور فیصل آباد سے 6 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئیں۔ اس کے علاوہ کوئٹہ سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے پیش نظر دبئی، ابوظبی اور شارجہ کے ائیرپورٹس سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئیں تاکہ متاثرہ مسافروں کو نکالا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق حملوں کے باعث ریاض اور دمام کے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
اس کے علاوہ دبئی، ابوظبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت خطے کے کئی بڑے ائیرپورٹس پر بھی فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔ فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215، بیروت کی 58، حیفا کی 25 اور تل ابیب کی 380 پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔