سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں جن میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو گھیر کر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 12 خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بسیما میں بھی ایک علیحدہ کارروائی کی گئی جہاں بھارتی سرپرستی یافتہ مزید 3 دہشتگرد مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر فیصلہ کن کارروائی انجام دی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔